ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی قائدین نے میرے قتل کی سازش رچی تھی: کمار سوامی

بی جے پی قائدین نے میرے قتل کی سازش رچی تھی: کمار سوامی

Wed, 31 Oct 2018 11:54:02    S.O. News Service

بنگلورو31؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج یہ سنسنی خیز انکشاف کرکے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی کہ 2006میں جب انہوں نے بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کی تھی تو اس وقت بی جے پی قائدین نے ان کے قتل کی سازش رچائی تھی۔آج شیموگہ میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کے قتل کی سپاری جن لیڈروں نے دی تھی ان کے خلاف خود بی جے پی قائدین نے شکایت کی تھی، آج یڈیورپا اس سلسلے میں کیوں خاموش ہیں؟۔ ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ 2005میں یڈیورپا دیوے گوڈا کی چوکھٹ پر وزارت کی کرسی کی بھیک مانگنے پہنچے تھے۔ اس کے بعد صرف دو ماہ میں مجھ پر 150کروڑ روپیوں کی رشوت لینے کا الزام لگایا گیا، اور پھر بی جے پی کے ہی چند قائدین نے اطلاع دی کہ ان کے قتل کے لئے سازش رچائی گئی ہے۔ان تمام مرحلوں میں یڈیورپا کو جانکاری ہونے کے باوجود آج مخلوط حکومت کو گرانے کے لئے ہر طرح کے حربے آزمانے میں لگے ہوئے ہیں۔ کمارسوامی نے کہاکہ یڈیورپانے ریاست کے اقتدار پر قبضہ کرنے جو آپریشن کمل کیا اس کی وجہ سے 20حلقوں پر ضمنی انتخابات مسلط ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ جب سے ریاست میں ان کی حکومت قائم ہوئی ہے ریاست کی آمدنی میں اضافہ ہواہے۔ وسائل یکجا کرنے کے لئے جو نشانہ طے کیا گیا تھا اسے 52 فیصد تک عبور کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاستی خزانے میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے، یہ الزام بے بنیاد ہے کہ ریاست کا خزانہ خالی ہوچکا ہے۔ چند ہی دنوں میں ریاستی حکومت کے گر جانے کے متعلق یڈیورپا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ پہلے کہاجارہاتھاکہ حکومت گنیش تہوار تک گر جائے گی، پھر دسہرہ ہوا ، اب دیوالی کی بات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا اسی طرح تاریخیں طے کرکے خوش فہمی میں رہے ، ریاستی حکومت گرنے والی نہیں ہے یہ اپنی میعاد پوری کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا ریاست کے وزیر اعلیٰ بننے کا خواب خرگوش ہر دن دیکھنے میں لگے ہوئے ہیں۔انہیں ان خوابوں میں خوش رہنے کا موقع دیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آج یڈیورپا کرپشن کے متعلق بیان بازی میں لگے ہوئے ہیں ، جب اقتدار پر تھے تو بذریعے چیک رشوت لے کر کرپشن کے نئے ریکارڈ بنائے۔اپنے ماضی پر نظر ڈال کر یڈیورپا کو بیان بازی کرنی چاہئے۔ ضمنی انتخابات کو ریاست کی سیاست کی روش طے کرنے کا سبب بنیں گے۔ سینئر کانگریس لیڈر کاگوڈ تمپا کے متعلق بعض بی جے پی قائدین کے توہین آمیز بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ اس سے بی جے پی کی تہذیب کھل کر سامنے آرہی ہے۔ 


Share: